امریکا سے بدترین شکست کی وجہ ہماری ٹیم کی معیار سے کم تر کارکردگی ہے، بابراعظم

0

بابراعظم نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم اپنے معیار کے مطابق نہیں کھیل پائی—فوٹو: فائل

بابراعظم نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم اپنے معیار کے مطابق نہیں کھیل پائی—فوٹو: فائل

ڈیلس: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم نے ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکا جیسی نوآموز ٹیم کے خلاف انتہائی ناقص کارکردگی پر کہا ہے کہ یہ بدترین شکست ہماری ٹیم کے شایان شان نہیں اور جب پلان پر عمل درآمد نہ ہو تو ایسی شکستیں مقدر بن جاتی ہیں۔

امریکا کے شہر ڈیلس میں میزبان ٹیم سے شکست کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ ہماری ٹیم نے اپنے معیار سے گری ہوئی کرکٹ کھیلی، جس کے نتیجے میں امریکا جیسی ٹیم سے حیران کن شکست ملی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ جب بھی آپ کسی ٹورنامنٹ میں آتے ہیں تو اس کے لیے بہترین تیاری کرتے ہیں لیکن آپ کہہ سکتے ہیں یہ ایک طرح سے مائنڈ سیٹ ہے کہ جب آپ اس طرح کی ٹیم کے خلاف میدان میں اترتے ہیں تو دباؤ میں نہیں ہوتے اور چیزوں کو آسان لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کسی بھی ٹیم کے خلاف اپنے منصوبے پر عمل نہیں کرپاتے ہیں تو پھر کوئی بھی ٹیم ہو وہ آپ کو شکست سے دوچار کردے گی، میرا ماننا ہے کہ منصوبے کے مطابق نہیں کھیلے، ہم تیاری کے سلسلے میں اچھے تھے لیکن میچ میں بطور ٹیم اپنا پلان پر عمل نہیں کرپائے۔

بابراعظم نے اپنے بولرز کی جانب سے کھیل کے شروع میں وکٹیں لینے میں ناکامی پر بھی بات کی اور دوسری وکٹ پر موہانک پٹیل اور ایندریز گوس کے درمیان 68 رنز کی بہترین شراکت داری ہوئی جو میزبان ٹیم کو ہدف کے حصول میں کلیدی ثابت ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام تینوں شعبوں میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا، ہم بولنگ میں ان سے بہتر تھے لیکن پہلے 6 اوورز میں وکٹیں نہیں لے رہے ہیں، درمیانی اوورز میں اگر آپ کے اسپنرز بھی وکٹیں نہیں لے سکیں تو پھر ہمارے اوپر دباؤ آجاتا ہے۔

امریکی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں جس طرح انہوں نے سپر اوور میں کھیلا ہے اس کا کریڈٹ امریکی ٹیم کو جاتا ہے۔

خیال رہے کہ سابق عالمی چمپیئن پاکستان کی تجربہ کار ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں میزبان امریکا کی غیرمعروف ٹیم نے پاکستان کو زبردست مقابلے کے بعد سپر اوور میں 5 رنز سے شکست دی تھی اور قومی ٹیم کو ابتدائی میچ میں اپ سیٹ شکست ہوئی تھی۔

پاکستانی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں اب اپنا اگلا میچ اتوار کو نیویارک میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔


%d8%a7%d9%85%d8%b1%db%8c%da%a9%d8%a7-%d8%b3%db%92-%d8%a8%d8%af%d8%aa%d8%b1%db%8c%d9%86-%d8%b4%da%a9%d8%b3%d8%aa-%da%a9%db%8c-%d9%88%d8%ac%db%81-%db%81%d9%85%d8%a7%d8%b1%db%8c-%d9%b9%db%8c%d9%85-%da%a9

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *