پنجاب حکومت اور میئر کراچی کا قومی ہاکی ٹیم کیلئے انعامات کا اعلان

0

  کراچی: اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شاندار پرفارمنس پر قومی ہاکی ٹیم کیلئے انعامات کا اعلان کردیا گیا۔

حکومت پنجاب نے قومی ہاکی ٹیم کے لیے 20 لاکھ روپے جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پاکستان ہاکی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو ایک، ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی پر قومی ہاکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، قومی ہاکی ٹیم نے پوری قوم کے دل جیت لئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عرصہ دراز کے بعد پاکستان نے قومی کھیل کے اس اہم ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی جو انتہائی خوش آئند ہے، حکومت کھیلوں بالخصوص قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں پاکستان نے جاپان سے عمدہ مقابلہ کرکے قوم کے دل جیت لئے، ٹورنامنٹ میں سلور میڈل حاصل کرنے پر پاکستانی ہاکی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

وزیر کھیل پنجاب فیصل کھوکھر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں سلطان اذلان شاہ کپ میں عمدہ کارکردگی پر قومی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ‏ جذبے، جوش، ولولے اور محنت سے قومی ٹیم نے اذلان شاہ کپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ نے قومی ہاکی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد کے دروازے ہمیشہ قومی ہاکی ٹیم کے لیے کھلے ہیں اور سندھ حکومت اپنے قومی کھیل کی بہتری کے لیے اچھے اقدامات کر رہی ہے۔


%d9%be%d9%86%d8%ac%d8%a7%d8%a8-%d8%ad%da%a9%d9%88%d9%85%d8%aa-%d8%a7%d9%88%d8%b1-%d9%85%db%8c%d8%a6%d8%b1-%da%a9%d8%b1%d8%a7%da%86%db%8c-%da%a9%d8%a7-%d9%82%d9%88%d9%85%db%8c-%db%81%d8%a7%da%a9%db%8c

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *