پیپلزپارٹی کا 18 اکتوبر کو حیدرآباد میں عوامی جلسہ کرنے کا اعلان
کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی نے سانحہ کارساز کی برسی پر 18 اکتوبر کو حیدرآباد میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں سانحہ کارساز کی برسی پر حیدرآباد میں ہونے والے عظیم الشان جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی قیادت، صوبائی وزراء، حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد ڈویژنوں سے منتخب پارٹی کے ارکانِ اسمبلی، سینیٹرز اور ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ جبکہ اجلاس میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی، اور اطلاعات سیکریٹری عاجز دھامرا، صوبائی وزیر شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، جام خان شورو بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کی برسی پر حیدرآباد جلسے میں بھرپور عوامی شرکت کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ فریال تالپور نے ہدایت کی کہ یقینی بنایا جائے کہ عوام کو جلسہ گاہ تک پہنچنے میں کسی قسم کی رکاوٹ اور زحمت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس کے شرکاء کی جانب سے حیدرآباد جلسہ میں بھرپور عوامی شرکت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پی پی شعبہ خواتین کی صدر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 18 اکتوبر کو لاکھوں لوگ حیدرآباد میں جمع ہو کر شہداء کارساز کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کو حیدرآباد میں عوام کا سمندر پیغام دے گا کہ ہم اپنے شہیدوں کو نہیں بھولے، عوام پیغام دیں گے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور سانحہ کارساز کے شہدا کا مشن زندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کا جلسہ ثابت کرے گا جیالے شہید بھٹو اور شہید بی بی کے مشن کو پایئہ تکمیل پر پہنچانے کےلیے پرعزم ہیں، 18 اکتوبر کا جلسہ ثابت کرے گا کہ ملک میں رواداری، مساوات، جمہوریت اور ترقی کی جدوجہد میں عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔
%d9%be%db%8c%d9%be%d9%84%d8%b2%d9%be%d8%a7%d8%b1%d9%b9%db%8c-%da%a9%d8%a7-18-%d8%a7%da%a9%d8%aa%d9%88%d8%a8%d8%b1-%da%a9%d9%88-%d8%ad%db%8c%d8%af%d8%b1%d8%a2%d8%a8%d8%a7%d8%af-%d9%85%db%8c%da%ba