راولپنڈی، اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن کا بھی ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کیلیے توسیع کا مطالبہ
اسلام آباد: ایف پی سی سی آئی، اسلام آباد چیمبر اور آل پاکستان انجمن تاجران کے بعد راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کا مطالبہ کر دیا۔
راولپنڈی، اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ٹیکس گوشواروں کی تاریخ میں توسیع کے لیے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر کو خط لکھ دیا ہے۔
ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے مطابق ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کی جائے، صرف 15 دن کی توسیع میں 4 سرکاری تعطیلات ہونے کے باعث کام کے دن کم رہ جائیں گے جس سے ٹیکس دہندگان کو مشکلات پیش آئیں گی اور آئی آر آئی ایس پر دباؤ بھی بڑھ جائے گا۔
خط میں کہا گیا کہ 15 دن کی توسیع کی وجہ سے خالی ریٹرن جمع کروانے کا رجحان بھی بڑھ سکتا ہے جس سے ٹیکس سسٹم پر غیر ضروری بوجھ پڑے گا، 30 دن کی توسیع سے ٹیکس دہندگان کو آسانی سے ریٹرن جمع کروانے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں؛ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا امکان
دوسری جانب، صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ ایف بی آر انکم ٹیکس گوشوارہ جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کرے، معاشی مشکلات کے پیش نظر تاریخ میں توسیع ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر کو ٹیکس جمع کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے اس لیے تاجر کو ٹیکس جمع کرانے کے لیے مزید وقت دیا جائے، اس وقت ایف بی آر کا سسٹم گوشوارہ وصول کرنے میں ناکام ہے۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ سسٹم میں خرابی کی وجہ سے گوشوارہ جمع کرانے میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں جبکہ گوشوارے داخل نہ ہونے کا خدشہ بھی ہے، سسٹم میں خرابی کے باعث گوشوارے داخل نہ ہوئے تو ذمہ داری ایف بی آر پر ہوگی۔
%d8%b1%d8%a7%d9%88%d9%84%d9%be%d9%86%da%88%db%8c%d8%8c-%d8%a7%d8%b3%d9%84%d8%a7%d9%85-%d8%a2%d8%a8%d8%a7%d8%af-%d9%b9%db%8c%da%a9%d8%b3-%d8%a8%d8%a7%d8%b1-%d8%a7%db%8c%d8%b3%d9%88%d8%b3%db%8c-%d8%a7