Cara….مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مخالفت میں مقبولیت کی بلندیاں طے کرتا فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم

0

انسٹاگرام دنیا کا مقبول ترین فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ہے مگر اس کے مقابلے میں ایک اور فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم”کارا“برق رفتاری سے مقبول ہورہا ہے اور اس کی وجہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) ہے۔

انسٹاگرام کے صارفین اپنی بنائی ہوئی تصاویر کے ساتھ ساتھ اے آئی کی مدد سے تخلیق کردہ تصاویر بھی اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ اگر کوئی مصور اے آئی سے بنائی گئی تصویر اپ لوڈ کردے تو دیکھنے والوں کے لیے اصلی اور اے آئی سے تخلیق کردہ تصاویر میں تمیز کرنا بہت مشکل ہوجاتا ہے اور وہ اسے مذکورہ مصور ہی کی تخلیق سمجھتے ہیں۔

کارا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تخلیق کردہ تصاویر کو اپ لوڈ کرنے کی اجازت نہیں دیتی، اور ان تصاویر کو شناخت کرتے ہوئے انہیں خود کار طور پر اپ لوڈ ہونے سے روک دیتی ہے۔ اس پلیٹ فارم کی یہی خصوصیت اسے انسٹا گرام سے ممتاز کرتی ہے اور اسی وجہ سے یہ فوٹوشیئرنگ پلیٹ فارم دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔ کارا کی اے آئی سے بنائے گئے فن پاروں کو فلٹر کردینے کی خاصیت کی وجہ سے یہ پلیٹ فارم مصور برادری کے ساتھ ساتھ اوریجنل شاہ کاروں کے متلاشی صارفین میں بھی تیزی سے قبولیت حاصل کررہا ہے۔

کارا کے ڈویلپرز کا کہنا ہے کہ ہم اے آئی جنریٹیو ٹولز سے ان کی موجودہ غیراخلاقی شکل و صورت پیش نظر اتفاق نہیں کرتے اور نہ ہی ہم اے آئی جنریٹڈ پورٹ فولیوز کی میزبانی کریں گے، جب تک کہ اس ٹیکنالوجی سے جڑے اخلاقی اور پرائیویسی کے ایشوز کا حل نہ تلاش کرلیا جائے۔ اور گر ایسا ہوجاتا ہے تو بھی اے آئی سے تخلیق کردہ تصاویر پر یہ نشاندہی کی جائے گی یہ تصویر انسانی ذہن کی تخلیق نہیں ہے اور اسے اے آئی کی مدد سے بنایا گیا ہے۔

کارا کی مقبولیت کی ایک اور وجہ انسٹاگرام کے بارے میں اس کے صارفین میں بڑھتے ہوئے تحفظات بھی ہیں۔ مثال کے طور پر 2022 میں انسٹاگرام کے مقبول ترین صارفین نے ایک پٹیشن پر دستخط کیے تھے جس میں انسٹاگرام پر ٹک ٹاک کی نقل کرتے ہوئے ویڈیوز پر بہت زیادہ توجہ دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

انسٹاگرام کے برعکس کارا کی بنیاد سوشل نیٹ ورکنگ پر نہیں بلکہ بصری آرٹ کو دکھانے اور شیئر کرنے پر ہے۔ اس خاصیت کی بنیاد پر اس فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم کو ڈیجیٹل اور ٹیٹو آرٹسٹوں نے خاص طور سے سپورٹ کیا ہے اور اس کی تشہیر اور مقبولیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ کارا کی مقبولیت میں اتنی تیزی سے اضافہ ہوا ہے کہ یہ ایپل کے ایپ اسٹور میں مقبول ترین ایپس میں شامل ہوچکی ہے۔


cara-%d9%85%d8%b5%d9%86%d9%88%d8%b9%db%8c-%d8%b0%db%81%d8%a7%d9%86%d8%aa-%d8%a7%db%92-%d8%a2%d8%a6%db%8c-%da%a9%db%8c-%d9%85%d8%ae%d8%a7%d9%84%d9%81%d8%aa-%d9%85%db%8c%da%ba-%d9%85%d9%82%d8%a8

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *